حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اناؤ/ سید واڑہ اسندرہ کے سابق گرام پردھان سید محمد سبطین مرحوم کی اہلیہ مرحومہ کی برسی کی مجلس امام بارگاہ مشتاق مسلم زیدی مرحوم رام نگر اناو میں منعقد ہوئی۔ جسکا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔ بعدہ سوزخوانی اور پیش خوانی ہوئی۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآبؒ لکھنؤ نے مجلس عزا کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دین نے ہمیں حکم دیا ہے کہ جس طرح ہم اپنے زندہ عزیزوں کو نہ بھولیں اسی طرح جو اس دنیا میں نہیں ہیں ان کو بھی نہ بھولیں۔ اپنے مرحومین کو یاد رکھیں انکو ایصال ثواب کریں ، انکی مغفرت کی دعا کریں ۔ یاد رکھیں کہ ہمارے مرحومین ہم سے خیر کی امید رکھتے ہیں ، ہمارا ایصال ثواب اور انکے لئے کار خیر انکی خوشنودی کا سبب ہوتا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے قرآن کریم کے سورہ اسراء کی آیت 23 ‘‘اور آپ کے پروردگار کا فیصلہ ہے کہ تم سب اس کے علاوہ کسی کی عبادت نہ کرنا اور ماں باپ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا اور اگر تمہارے سامنے ان دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں بوڑھے ہوجائیں تو خبردار ان سے اُف بھی نہ کہنا اور انہیں جھڑکنا بھی نہیں اور ان سے ہمیشہ شریفانہ گفتگو کرتے رہنا ’’ کو ذکر کرتے فرمایا کہ عبادت، اطاعت اور احترام میں فرق ہے۔ عبادت اللہ تبارک و تعالیٰ سے مخصوص ہے، اللہ کے علاوہ کوئی لائق عبادت نہیں ہے جب کہ اطاعت اللہ کی بھی واجب ہے، رسول ؐ کی بھی واجب ہے اور اولی الامر کی بھی واجب ہے اور اولی الامر سے مراد اہل بیت علیہم السلام ہیں ۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا کہ یہ اللہ کا فیصلہ ہے کہ اسکے علاوہ کسی کی عبادت نہ کی جائے اور والدین کے ساتھ احسان کیا جائے، عربی میں احسان کے وہ معنیٰ نہیں جو اردو میں ہیں ، عربی میں احسان کے معنی نیکی اور حُسن سلوک کے ہیں ۔ والدین پر احسان نہیں بلکہ ان سے حُسن سلوک کا حکم ہے ، ان کے ساتھ نیکی کرنے کا حکم ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے آخر میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب بیان کئے۔
مجلس ترحیم میں مولانا عابد عباس نقوی ، مولانا رضا عباس ، مولانا علی ہاشم عابدی ، مولانا محمد ظہیر اور مولانا عمران حیدر کے علاوہ مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔